لاہور (جیوڈیسک) پنجاب بھر کی انسداد دہشت گردی کے ججز کا اجلاس ختم ہو گیا، جسٹس منظور ملک نے پولیس کو تمام اشتہاریوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس منظور احمد ملک کی سربراہی میں پنجاب بھر کے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں کے ججز کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام اضلاع کے آر پی اوز،ہوم سیکرٹری اور پراسکیوشن محکمہ کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تفتیشی افسران محکمہ پر اسکیوشن اور عدالتوں سے ملزمان کی بریت اور سزائوں کی شرح میں کمی کے معاملہ پر از سرنو جائزہ لیا گیا جس کے بعد اجلاس میں جسٹس منظور احمد ملک نے اہم فیصلے کیے اور پولیس کو تمام اشتہاریوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
جبکہ پولیس اور محکمہ پر اسیکیوشن کو دہشت گردوں کے کیسز کی تفتیش کمل کر کے چالان جلد عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔جسٹس منظور احمد ملک نے دہشت گردوں کے کیسز کی سماعت کرنے والے ججز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام کیسز کی بلا تاخیر سماعت کر کے جلد از جلد نمٹائے جائیں۔