انسداد بدعنوانی کے دن بھی تھانہ سٹی میں رشوت ستانی کا بازار گرم

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) انسداد بدعنوانی کے دن بھی تھانہ سٹی میں رشوت ستانی کا بازار گرم، برسوں سے تھانہ میں براجمان عملہ شہریوں کیلئے وبال جان بن گیا۔

آر پی او گوجرانوالہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی 9 دسمبر کو اینٹی کرپشن ڈے منایا گیا اس موقعہ پر ملک میں مختلف اداروں اور تنظیموں کی طرف سے ” کرپشن سے انکار” کے نعرے بلند کئے گئے جبکہ تھانہ سٹی کے عملہ نے اس مخصوص دن پر بھی کرپشن کا بازار گرم کئے رکھا۔

شہری احمد فراز خان لودھی نے ایس ایچ او تھانہ سٹی کے نام گزاری گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پولیس تھانہ سٹی نے کاغذات نہ ہونے کی آڑ میں بند کی گئی موٹر سائیکل کی واپسی کیلئے جب کاغذات سمیت رابطہ کیا گیاتو عملہ کے اراکین نے موٹر سائیکل ضابطہ کی کاروائی میں بند کرنے کا کہہ کرسپردداری کروانے کو کہا بعدازاں جب رپٹ طلب کی گئی تونائب محرر عمر نے 500 روپے رشوت لیکر موٹر سائیکل چھوڑدی ۔ شہریوں کو شکایات ہیں کہ برسوں سے تھانہ میں تعینات مقامی عملہ نے شہریوں کے لئے مسائل پیدا کرنا شروع کررکھے ہیں۔

ایک جگہ پوسٹنگ کی مدت پوری ہونے پر مخصوص اہلکار تھانہ سٹی سے صدر یا سوہدرہ تھانہ میں تبادلہ کرواکے چند ما ہ میں واپس اپنی جگہ آجاتے ہیں۔ اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت ستانی کی وجہ سے شہریوں کا پولیس جیسے ادارے سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے۔ عوامی، سماجی حلقوں نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے برسوں سے مقامی تھانوں میں تعینات عملہ کے تبادلوں کا مطالبہ کیا ہے۔