انوپم کھیرکا پشاورمیں معصوم بچوں کی شہادت پر دہشت گردوں کے نام خط

Anupam Kher

Anupam Kher

ممبئی (جیوڈیسک) پشاور میں دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم بچوں کی شہادت پر جہاں دنیا بھر میں دکھ اورافسوس کا اظہار کیا گیا تو وہیں بھارت میں بھی اسکولوں میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جب کہ بالی ووڈ اداکار انوپم کھیرکو اس دل دہلادینے والے واقعے نے تو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اوراپنے جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے انہوں نے دہشت گردوں کےنام ایک خط لکھ ڈالا۔

بھارتی اداکار انوپم کھیر نے خط میں دہشت گردوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہر مرتبہ جب تم دہشت گردی کرتے ہو میں تھوڑا مر جاتا ہوں، سچی بات تو یہ ہے کہ میں بہت عرصہ سے تھوڑا تھوڑا مرتا آ رہا ہوں، میں اس وقت بھی مر ا جب شہری علاقوں میں بم دھماکے ہوئے، جب عام لوگوں کو یرغمال بنایا گیا، جب ہوائی جہاز ہائی جیک ہوئے، جب اپنا دفاع نہ کر پانے والے کمزور ہلاک ہوئے اور جب نہتے غلاموں کی طرح بیچ دیئے گئے لیکن جب تم نے 130 سے زائد بچوں کا پشاور کے اسکول میں سنگ دلانہ قتل کیا تومجھے ڈر ہے کہ میرے اندر مزید مرنے کے لئے کچھ رہا نہیں۔

انوپم کھیر نے لکھا کہ میں نہیں جانتا کہ اس بربریت کے پیچھے تمہارے کیا مقاصد تھے لیکن تم نے مجھے چلتی پھرتی لاش میں تبدیل کر دیا، کیا معصوم چہروں پر گولیاں برسانے کے لئے بہادری چاہئے اور وہ بھی ان بچوں پر جوشیطانی دہشت گردی تو کیا یہ بھی نہیں جانتے کہ تنازعات کیا ہوتے ہیں، کوئی بھی مذہب کسی کو قتل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ ان کا دہشت گردوں کے نام لکھے گئے خط میں کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ تاریخ بڑے پیمانے پر قتل عام کے واقعات سے بھری پڑی ہے لیکن ان میں سے زیادہ تر سیاسی تحریکوں یا ایسے ہی تنازعات کا شاخسانہ تھے لیکن تم نے معصوموں کا جس طرح قتل عام کیا اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

بھارتی اداکار نے لکھا کہ جنگوں کی تصویریں دیکھ کر میں جذباتی ہو جاتا ہوں لیکن جب میں نے اس والد کی تصویر دیکھی جس نے بیٹے کو اسکول بھیجنے سے پہلے خود اپنے ہاتھوں سے اس کے جوتوں کے تسمے باندھے اور بعد میں وہ غم زدہ باپ کہہ رہا تھا کہ میرے پاس جوتے تو ہیں لیکن بیٹا نہیں رہا، میں اس باپ کی بات پر جذباتی نہیں ہوا بلکہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا، تمارے پاگل پن نے ہر جگہ والدین کو ایک کر دیا جو سب مل کر تمھیں کوس رہے ہیں اور وقت ثابت کرے گا کہ ان کا یہ کوسنا ضائع نہیں گیا۔