اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل طے کرنے کے لئے سیاسی رہنما آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے، وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان پر امید ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اتفاق رائے ہو جائے گا۔ ان کا کہنا ہے تمام سیاسی قائدین نے دہشتگردی کیخلاف اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرکے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی وزیر اعظم ہاوس میں ہونیوالی اے پی سی کے شرکا کو بریفنگ دیں گے۔ تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ چار رہنماوں نے ان کے کہنے پر بیرون ممالک دورے بھی منسوخ کر دیئے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے ملک سے بھاگ جانے کی خبریں غلط ہیں۔ کراچی کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔
تین روز میں چونسٹھ ٹارگٹڈ آپریشن کئے گئے۔ ڈی جی رینجرز سندھ مجرم پکڑنے کا نیا سسٹم بھی متعارف کرائیں گے جبکہ آئی جی کو پولیس کی بہتری کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ چودھری نثار علی خان کی میڈیا بریفنگ کے دوران بجلی بھی منقطع ہوئی۔