اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ قومی قیادت جس سیاسی پختگی کا ثبوت دے رہی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے، دہشتگردی کو اب مزید برداشت نہیں کرینگے، بیس نکاتی مسودے پر حتمی فیصلہ کر کے جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہئے۔
وزیر اعظم کی زیر قیادت آل پارٹیز کانفرنس شروع ہو گئی ، کانفرنس کا آغاز مولانا فضل الرحمن کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ وزیر اعظ٘م نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی قیادت کا خیرمقدم کرتا ہوں، آج ہم پندرہ دن میں تیسری مرتبہ اکٹھے ہوئے ہیں جوکہ انتہائی خوشی کی بات ہے۔
قومی قیادت ملکی مسائل پر جس یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ انھوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی جس نے سات روز میں سفارشات مرتب کیں۔سیاسی قائدین نے واضح کر دیا کہ ملک میں دہشتگردی کی اب کوئی گنجائش نہیں۔
تمام سیاسی جماعتوں نے بیس نکات پر اتفاق کیا۔ لوگ اب ایکشن پلان کو ایکشن میں ڈھلتا دیکھنا چاہتے ہیں ، پوری قوم کی نظریں اس اے پی سی اجلاس پر مرکوز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج اجلاس کے بعد بیس نکات کو پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے ، اب تین اجلاسوں کے بعد پارلیمنٹ میں ان نکات پر مزید بحث کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے۔
حتمی فیصلہ ہونے کے بعد مسودے کو جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہئے۔فوج نے بھی اس سلسلے میں ساری پلاننگ مکمل کر لی ہے۔اب وقت آ چکا ہے ملک کو اس گند سے صاف کیا جائے۔
فوجی عدالتوں کی مدت دو سال کے لیے ہو گی جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ فتنہ پھیلانے والی قوتوں کو بہت پہلے ختم ہو جانا چاہئے تھا۔