لاہور (جیوڈیسک) ایپکا، اساتذہ اور ریلوے ملازمین نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں تحریک چلانے اور احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین سلطان مجددی، مرکزی صدر منیر بلوچ، مرکزی جنرل سیکریٹری فدا اصغر، مرکزی رہنما چوہدری غلام رسول۔
صوبائی صدر پنجاب چوہدری افضل، ڈویژنل صدر لاہور چوہدری عبدالشکور، ڈویژنل جنرل سیکریٹری لاہور ندیم چغتائی، صدر پنجاب ہائی وے سہیل محمود درانی، صوبائی پریس سیکریٹری پنجاب عاصم شہزاد مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایپکا وفاقی بجٹ کو مسترد کرتی ہے اور اس ظالمانہ بجٹ کیخلاف ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ5جون کو ملک بھرکے ضلعی اور صوبائی ہیڈکواٹرز پر قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ 10 جون کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ سنگین مذاق اور اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔
حکومت غربت مکائو نہیں بلکہ غریب مکائو مہم پر عمل پیرا ہے۔ ادھر ریلوے ورکرز یونین اور ریلوے پریم یونین نے وفاقی بجٹ کو مستردکرتے ہوئے آج ہڑتال کرنے، ریلوے سٹیشنوں پر دھرنا دینے اور ٹرینیں روکنے کا اعلان کیا ہے۔ یونین قائدین مبارک حسین، ڈاکٹر اشتیاق، تبریز عباسی نے کہا کہ بجٹ مایوس کن ہے، کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
ادھر پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سجاد اکبر کاظمی، امتیاز عباسی، چودھری سرفراز، رانا لیاقت، ظفر سندھو، ملک سعید، چوہدری محمد علی، جام صادق، امتیاز طاہر، اسلم گھمن، سجاد اختر اعوان، میاں ارشد، مستنصر اعوان، رانا خالد، جاوید چودھری، مرزا طارق و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ موجودہ بجٹ بھی صرف الفاظ کاگورکھ دھندہ ہی نکلا۔ مہنگائی میں 200% اضافہ کرکے صرف 10 % کا ریلیف دینا انسانیت سوز عمل ہے۔ وہ اس انسان دشمن بجٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے احتجاجی پروگرام ترتیب دیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔