کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف کی ہدایت پر مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد نے اے پی ایم ایل سندھ کی تنظیم نو کرتے ہوئے سندھ کے چیف آرگنائزر شہاب الدین شاہ حسینی کو سندھ کا صدراورشاہدقریشی کو جنرل سیکریٹری مقرر کر دیا ہے نوٹیفکیشن کے مطابق اے پی ایم ایل سندھ کی نئی کابینہ میں کنور ارشد علی، محب علی شاہ اور عبدالغفارکو نائب صدور کے عہدے دےئے گئے ہیں۔
جبکہ معروف سیاسی و سماجی رہنما باصرہ اسلم کو وومین ونگ کی صدر، نائلہ انعام کو سینئر نائب صدراور نسرین ریاض کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے اور انفارمیشن سیکریٹری سندھ طاہر حسین سید کی مثالی خدمات پر انہیں ان کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔
پرویز مشرف نے سندھ کے نو منتخب صدر، جنرل سیکریٹری و دیگر عہدیداران کو ان کی تقرری پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی نئی کابینہ شہاب الدین شاہ حسینی کی قیادت میں مزید منظم و فعال ہوگی اور آئندہ انتخابات میں آل پاکستان مسلم لیگ سندھ سمیت چاروں صوبوں سے منتخب ہوکراقتدار میں آئے گی اور پاکستان کو پر امن، ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم فلاحی ریاست بنانے کا فریضہ انجام دے گی۔