اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اپیل گرومنگ سکول کے زیر اہتمام خوبصورت اور رنگارنگ عالمی ثقافتی میلہ لوک ورثہ میں منعقد ہوا، اپنی نوعیت کے اس منفرد میلے میں طلباء و طالبات نے پاکستان سمیت سات براعظموں کی ثقافت کو اجاگر کیا۔
طلباء و طالبات نے چین ، آفریکہ ، مصر، آسٹریلیا ، امریکہ اور دیگر ممالک کے لباس زیب تن کیے اور پرفارم بھی کیا ،میلے میں پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے طلباء وطالبات نے پنجاب ، سندھ ،کے پی کے، بلوچستان ، فاٹا اور کشمیر کے لباس بھی پہن رکھے تھے۔
International Cultural Festival
ثقافتی میلے میں والدین اور مہمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی،پاکستانی علاقائی لباس میں ملبوس طلباء وطالبات نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے حاضرین کے دل جیت لئے ، اورشاندار پرفارمنس پر حاضرین سے خوب داد سمیٹی ،طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ یوں تو ہر ملک کی ثقافت خوبصورت ہے لیکن انہیں پاکستانی ثقافت پر پرفارم کرکے دلی خوشی محسوس ہوئی ، ان کا کہنا تھا کہ ہماری ثقافت دنیا میں سب سے زیادہ خوبصورت ہے۔
ہماری میٹھی زبانیں دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھتی ہیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کی ڈائریکٹر نائید قریشی کا کہنا تھا کہ بچوں نے بہت کم وقت میں اس ثقافتی شو کے لئے تیاری کی ،ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کی ثقافتوں کے بارے میں علم ہونا چاہیے ، یہ پروگرام ہماری نئی نسل کو دیگر ممالک کی ثقافتوں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرے گا۔
International Cultural Festival
ان کاکہنا تھا کہ بچے ہمارے سفیر ہیں ،دوسرے ممالک میں پاکستان کا مثبت پیغام جانا چاہیے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سکول کی وائس پرنسپل خدیجہ زرین کا کہنا تھا کہ پاکستان محبت کے پیامبروں کی سرزمین ہے۔
اس ثقافتی میلے میں طلباء و طالبات اور والدین کو دیگر ممالک کی ثقافت کو دیکھنے اور سننے کا موقع ملا ، انہوں نے شاندار پرفارمنس پر طلباء و طالبات کو مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دیگر ممالک کی ثقافتوں کے بارے میں جاننا چاہیے اور پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے۔