نقیب قتل کیس میں نامزد دیگر 2 ملزمان کی ضمانتیں منظور

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار کے دیگر دو ساتھیوں کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

Naqeebullah Mehsud

Naqeebullah Mehsud

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے راؤ انوار کی بریت کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو 18 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیئے۔

اس کے علاوہ عدالت نے راؤ انوار کے دیگر ساتھیوں اور کیس میں نامزد ملزمان سب انسپکٹر محمد یاسین اور اے ایس آئی سپرد حسین کی دو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں پر ضمانت منظور کرلی جب کہ ڈی ایس پی قمر احمد کی درخواست ضمانت پر آئندہ سماعت پر حکم جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 اگست تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار نے کہا کہ نقیب اللہ قتل کیس میں گرفتار پولیس والوں کو بلاوجہ پھنسایا گیا ہے، کچھ لوگ ان پولیس والوں سے اپنی مرضی کا بیان لینا چاہتے تھے، وہ بیان ان کو نہیں ملا تو ان کے اوپر بلاوجہ کیس بنا دیا گیا۔