لاہور (جیوڈیسک) ڈی سی او ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ڈی سی اونے 26 اپریل کو اینٹی ڈینگی ڈے اور ہفتہ صفائی منانے کا اعلان کیا۔
اینٹی ڈینگی ڈے کے حوالے سے افسران کو احکامات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے۔
قبرستانوں ، کباڑخانوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ مختلف محکموں نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں ڈی سی او نے عطائیت اور جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے عوام کی صحت سے کھیلنے والے جعلی حکیموں کے خلاف سخت احکامات جاری کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ کو متحرک ہونے کی ہدایت کی۔ روزانہ کی بنیاد پر جعلی حکیموں اور جعلی ڈاکٹروں کے خلاف ایکشن لینے اور اس کی رپورٹ ڈی سی او لاہور کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
مزید برآں ڈی سی اونے غیر قانونی طور پر جانور ذبح کرنے کا سخت نوٹس لے لیا اور افسروں کو سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی سی اونے تمام ٹاؤنز کو شہر میں جاری غیر قانونی زیر تعمیر کمرشل عمارتوں کے کام کو فوری طور پر رکوانے کی ہدایت کی۔