کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس رضا عباس رضوی نے کہا ہے کہ KMC اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کراچی میں شوٹنگ بال کھیل کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد کرے گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان کر رہے تھے وفد میں سیکریٹری محمد اجمل، فاروق اعوان، اعجاز احمد، عظمت اللہ خان، عبدالرزاق اور دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر پروفیسر اعجاز فاروقی خورشید احمد شاہ، جمیل احمداور مشیر ربانی بھی موجود تھے، رضا عباس رضوی نے کہا کہ یہ بڑی مسرت کا مقام ہے کہ کراچی میں شوٹنگ بال کھیل بہت تیزی سے ساتھ مقبول ہو رہا ہے اور اس کے گراونڈ میں اضافہ ہوا ہے انھوں نے وفد کی درخواست پراعلان کیا کہ 23 مارچ کو آل کراچی اور 14 اگست کو آل سندھ ٹورنامنٹس کا کے ایم سی انعقاد کرے گی۔
انھوں نے وفد کی درخواست پر کراچی میں شوٹنگ بال کے کورٹس کا دوراہ کرنے کی دعوت قبول کر لی اس موقع پر حاجی غلام محمد خان نے تفصیل کے ساتھ کراچی میں شوٹنگ بال کے 2015 میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس اور نمائشی مقابلوں کی تفصیلات بیان کیں اس موقع پر پروفیسر اعجاز فاروقی نے ایسوسی ایشن کو اپنے نام سے ٹورنامنٹ کرانے کی اجازت دی جو کہ اپریل میں ہوگا۔