اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزارت پٹرولیم نے یکم جولائی سے قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم اس کا اطلاق گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خان عباسی نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے گھریلو صارفین کے سوا دیگر صارفین کیلئے گیس کی قیمت بڑھانا پڑے گی۔ شاہد خان عباسی کا کہنا تھا کہ وزارت کو اوگرا کی طرف سے قیمتوں میں ردوبدل کی سمری کا انتظار ہے۔
اس کے بعد گیس کی نئی قیمتوں سے متعلق ایڈوائس جاری کی جائیگی تاہم ہدایت کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے گیس مہنگی نہیں کی جائیگی۔
دوسری طرف ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 81 پیسے کمی کی درخواست دیدی ہے۔ نیپرا نے پٹیشن کو سماعت کیلئے منظور کرلیا ہے اور اس پر فیصلہ آج منگل کو متوقع ہے۔