لاہور (جیوڈیسک) امریکا نے پشاور سانحے کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے ۔ آرمی پبلک سکول پر حملے کی پہلی برسی کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ وہ اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
جان کیری نے کہا کہ وہ گزشتہ گرمیوں میں واشنگٹن میں پشاور سانحے کے متاثرہ بچوں سے ملے وہ بچے پاکستانی قوم کی طاقت کی علامت تھے جن سے مل کر یہ احساس ہوا کہ پوری دنیا کا متحد ہو کر دہشت گردی کےخلاف مشترکہ جدوجہد کرنا کتنا اہم کام ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلی برسی پر امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ شدت پسندی کے مقابلے اور مستحکم پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔