اے آر رحمان پاکستان میں پرفارم کرنے کے خواہشمند

 AR Rehman

AR Rehman

ممبئی (جیوڈیسک) اپنے ایک انٹرویو میں عالمی شہرت یافتہ موسیقار کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی بار اگر کوئی صوفی موسیقی سنی تو وہ نصرت فتح علی خان کی ہی تھی۔ اے آر رحمان نے کہا کہ نصرت صاحب کی صوفی موسیقی جب میں نے سنی تو میرا نظریہ ہی بدل گیا۔ مجھے ان سے صوفی موسیقی کے ساتھ ساتھ قوالی سیکھنے کا موقع بھی ملا۔

اے آر رحمان کے مطابق صوفی موسیقی کی وجہ سے ان کی ذاتی زندگی میں بھی بہت تبدیلی آئی ہے۔ اس نے صرف انہی کی نہیں بلکہ سننے والوں کی سوچ کو بھی تبدیل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ لوگ ”خواجہ میرے خواجہ” سے اس قدر متاثر ہوں گے۔ اس نغمے نے ہر انسان کو چھو لیا ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب کا ہو۔ موسیقی میں یہی تو خاص بات ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو آپس میں جوڑتی ہے۔ اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ 1998 میں مجھے پاکستان جانے کا موقع ملا تھا اور میں نے وہاں نصرت فتح علی خان کے ساتھ کچھ گانے ریکارڈ کئے۔

اس کے بعد مجھے کبھی دوبارہ پاکستان جانے کا موقع نہیں ملا اور اب موقع ملے تو ایک بار پھر پاکستان جا کر فن کا مظاہرہ کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی آنے والی فلم ”ہائی وے” میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ امتیاز علی کی فلم میں پاکستانی فنکار زیب اور ہانیہ کی جوڑی کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔