قاہرہ (جیوڈیسک) عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے شدت پسند تنظیم داعش سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔ قاہرہ میں منعقدہ اجلاس کے بعد ایک اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی توثیق کی گئی ہے۔ قرارداد میں رکن ممالک پر زور دیا گیا تھا کہ وہ عراق اور شام میں لڑنے والے انتہاپسندوں کی ہر قسم کی عسکری اور مالی امداد کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔
اپنے اختتامی بیان میں عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل العربی نے داعش اور دوسرے جہادی گروپوں کے جنگجوئوں سے نمٹنے کے لیے جامع سیاسی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اس قرارداد کی منظوری کے بعد عرب ممالک داعش سے نمٹنے کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اُدھر عراق نے امریکی صدر براک اوباما کے داعش کے جنگجوؤں کے خلاف بین الاقوامی اتحاد کے قیام کے منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔