مصر (اصل میڈیا ڈیسک) مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام کے عرب لیگ میں واپس آنے اور عرب قومی سلامتی کی حمایت کرنے والا عنصر بننے کے لیے دمشق کی طرف سے مثبت اقدامات کا منتظر ہے۔
شکری نے عمانی وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی کے ساتھ عمانی وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ “ہم اس مقصد کے حصول کے لیے عرب بھائیوں کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔ ہم شام کی حکومت کے ایسے اقدامات کے منتظر ہیں جو اس کی عرب لیگ میں واپسی کو آسان بنائیں۔”
شامی حکومت کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے گذشتہ ہفتے اس بات پر زور دیا تھا کہ شام کی حکومت کو عرب ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی فکر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب لیگ ایک ایسا ادارہ ہے جو عرب ممالک کا نمائندہ ہے مگر یہ ادارہ آج تک اپنا کوئی ہدف حاصل نہیں کرسکا۔
الجزائر اس سال اکتوبر یا نومبر کے مہینے میں اپنے اکتیسویں اجلاس میں اگلی عرب سربراہ کانفرنس منعقد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس کا اعلان عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے گذشتہ پندرہ جون کو کیا تھا۔
بارہ اکتوبر 2011 کو عرب لیگ نے شام میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد شام کی رکنیت معطل کردی تھی اور دمشق سے عرب سفیروں کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔