الریاض (جیوڈیسک) عرب لیگ نے اسرائیل کے فلسطینی عوام کے خلاف سر زد کردہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے لیے بین الاقوامی تحفظ و حمایت کا مطالبہ پیش کیا ہے۔
مصری دارالحکومت قاہرہ میں مستقل نمائندگان کی سطح پر یکجا ہونے والی عرب لیگ کی جانب سے جاری کردہ اختتامی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ”عرب لیگ اسرائیل کے فلسطینی عوام پر منصوبہ بندی کے تحت سر زد کردہ جرائم اور جنگی حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔”
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں جرائم کی ذمہ دار اسرائیلی حکومت ہے ، لہذا اس فعل کے ذمہ داروں کے خلاف عالمی عدالتوں میں کاروائی کی جانی چاہیے۔
خیال رہے کہ یہ اجلاس اسرائیل کے غزہ پر حملوں کی بنا پر فلسطینی انتظامیہ کے مطالبے پر سر انجام پایا۔
زیر محاصرہ غزہ کی پٹی میں بروز اتوار اسرائیلی فوج کی ایک خصوصی ٹیم سول گاڑی کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئی تھی، حماس کے فوجیوں کی جانب سے اس چیز کی اطلاع پانے پر جھڑپ ہوئی تھی جس میں 7 فلسطینی شہید اور اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا تھا۔