بحیرہ عرب میں اٹھنے والےطوفان کے سبب کراچی میں ہلکی بارش

Storm

Storm

کراچی (جیوڈیسک) بحیرہ عرب میں اٹھنے والے نانوک نامی طوفان کا رخ تو سلطنت عمان کی جانب ہےلیکن راستے سے گزرتے ہوئے پاکستان اور بھارت میں اس نے اپنا زور دکھانا شروع کردیا ہے،،کراچی میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

جبکہ ساحلی پٹی کے کچھ علاقوں کے گھروں میں پانی بھی گھس آیا ہے۔بحیرہ عرب میں ایک نئے تلاطم کا شور ہے، سمندری طوفان نانوک زور پکڑ رہا ہے،اگر اس نے رستہ نہ بدلا تو اتوار کو سلطنت عمان کے جزیرے مصیرہ سے ٹکرائے گا، 70 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والے طوفان نے پاکستانی ساحلی علاقوں میں اپنا اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سمندر میں بھی طغیانی صاف دیکھی جاسکتی ہے،منہ زور لہروں کے باعث ساحل سمندر پر نہانے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ شہر کے ساحلی علاقے ریڑھی گوٹھ کے گھروں میں 2فٹ تک پانی داخل ہوگیا ہے۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ متوقع طوفان کے پیش نظر تمام بلدیا تی اور کنٹونمنٹ اداروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا گیاہے۔ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی شہر ممبئی میں بھی سمندری لہروں نے جوش دکھانا شروع کردیا ہے،بپھرا ہوا سمندر ساحل پر کھڑی گاڑیوں پر زور آزماتا رہا، سڑکوں پر ٹریفک بھی جام رہا،متحد ہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان سے براہ راست اثرات مرتب ہونے کا امکان نہیں،البتہ سمندر ضرور جوش میں رہے گا، جبکہ اومان کے جزیرے مسیراح سے طوفان ٹکرانےکے پیش نظر شہریوں نے محفوظ مقامات پر منتقلی شروع کردی ہے۔