ثالثی پر تیار ہیں، مسئلہ کشمیر پر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی: چین

China

China

نئی دہلی (جیوڈیسک) چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر بیجنگ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ میڈیا کے مطابق بھارت میں چین کے سفیر لی یو چنگ نے صحافیوں کو بتایا کہ چین مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے اور ہم ثالثی کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ چین کے سرحدی تنازعات بھی ہوتے رہے ہیں تاہم چین بھارت کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتا ہے لیکن سرحدی معاملات کو سلجھانے کے لئے بات چیت کا طریقہ کار جاری رہے گا۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سرحدی تنازعات کو سلجھانے کے لئے اگرچہ کوششیں جاری ہیں تاہم دونوں ممالک کو ان مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ لداخ اور ارونا چل پردیش میں سرحدی معاملات رونما ہوتے ہیں اور اکثر اوقات چینی فوج کی دراندازی کے واقعات بھی سامنے آتے ہیں اور یہ صرف اسی وجہ سے ہے کہ بھارت کسی بھی طور پر سرحدی تنازعات کو سلجھانے میں عجلت کا مظاہرہ نہیں کر رہا ہے۔