اسلام آباد (جیو ڈیسک) آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات میں آف شور اکائونٹس کا بار بار ذکر کیا گیا ہے، یہ اکائونٹس ہیں کیا اور ان کا کیسے استعمال کیا جاتا ہے اس کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
آف شور اکائونٹس کیا ہیں؟ کسی دوسرے ملک میں آف شور (غیر ملکی) بینک اکائونٹس اور دیگر مالی لین دین عام طور پر ٹیکسوں اور مالی جانچ پڑتال سے بچنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ کوئی بھی انفرادی شخص یا کمپنی اس مقصد کے لیے اکثر و بیشتر شیل (غیر فعال)کمپنیوں کا استعمال کرتی ہے جن کے ذریعے ملکیت اور فنڈز سے متعلق معلومات کو چھپایا جاتا ہے۔
زیادہ تر آف شور اکائونٹس کہاں ہیں؟ پاناما، کیمن جزائر اور برمودہ سمیت دنیا میں ایسے درجنوں چھوٹے مقامات ہیں، جہاں ٹیکس کی شرح کم ہونے اور غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور کاروباری سروسز دینے میں مہارت کے باعث سیکڑوں آف شور اکائونٹس موجود ہیں۔
آف شور اکائونٹس کا قانونی استعمال منی لانڈرنگ کے عالمی واچ ڈاگ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے مطابق بیرون ممالک قائم ہونے والی کمپنیاں اور ٹرسٹس آف شور اکائونٹس کو بزنس فنانس اور ٹیکس پلاننگ کے شعبوں کے لیے قانونی طور پر استعمال کرسکتی ہیں۔’
آف شور اکائونٹس کا ناجائز استعمال شیل کمپنیوں اور دیگر اداروں کا فنڈز کے ذرائع اور ملکیت چھپانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گردوں کے ہاتھوں غلط استعمال ہوسکتا ہے، پاناما لیکس کی رپورٹ میں ایسے 12 لاکھ 14 ہزار سے زائد اداروں کی معلومات شامل ہیں، جن کا 200 ممالک میں 14 ہزار سے زائد کلائنٹس سے تعلق ہے۔