علاقہ سے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ اولین ترجیح ہے

مصطفی آباد : علاقہ سے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ منشیات فروشوں، جواریوں، اشتہاریوں و سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار نو منتخب چوکی انچارج ہلوکی بلال احمد ایس آئی نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں محمد عمران سلفی، ریاض بھٹی، حافظ طاہر اقبال، ندیم اقبال، سید اسرار احمد زیدی ودیگر صحافی شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اور انہیں انصاف کی فراہمی میرا مشن ہے۔ عوام کسی چوہدری اور ٹائوٹ کے پاس جانے کی بجائے میرے پاس آئیں انشا اللہ انہیں انصاف ملے گا۔ تمام ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ اگر کسی بھی ملازم یا ٹائوٹ نے میرے نام پر رشوت وصول کی تو حوالات میں بند کر دوں گا۔ چوکی سے رشوت اور علاقہ سے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ جلد کر دیا جائے گا۔