وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) علاقہ میں امن وامان کا قیام برقرار رکھنا میری ذمہ داری میں شامل ہے۔ شہری جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کریں، پولیس کیساتھ تعاون سے جرائم پر بروقت قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تھانہ سٹی وزیرآباد میں نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او محمد نواز گجر نے پرنٹ اینڈ میڈیا ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سنیئر وائس پریزیڈنٹ محمود احمد خان لودھی کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وفد میں سید شہباز بخاری، سیٹھ محمد عارف، عقیل احمد خان شامل تھے۔ ایس ایچ او نے کہا کہ پولیس ایسا محکمہ ہے جو برائی کو طاقت سے روکنے کی اہلیت رکھتا ہے اور اگر جرائم اوبرائیوں کے محرکات پر بزور طاقت قابو نہ پایا گیا تو روز محشر اس کے لئے پولیس کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ جرائم پیشہ افراد، منشیات فروشوں اور دیگر قبیح افعال میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں پولیس ان کا قلع قمع کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں اٹھا رکھے گی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ قانون اور آئین کی حاکمیت برقرار رکھنے کیلئے پولیس کو ہمہ وقت چوکس رہنا پڑتا ہے اس مقصد کیلئے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو علاقہ میں 24گھنٹے گشت کرکے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔
ایس ایچ او نے کہا کہ شریف شہری اپنے مسائل کے حل کیلئے تھانہ آنے سے ہچکچاہٹ اور کسی بھی قسم کی سفارش کی ضرورت محسو س نہ کریں،انہیں ذمہ داری کیساتھ انصاف کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔