اریبہ کو ماڈلنگ کا جھانسہ دے کر چھ افراد نے قتل کیا، بھائی کی قبرکشائی کی درخواست

Areeba

Areeba

لاہور (جیوڈیسک) اریبہ کے بھائی زوہیب نے درخواست میں مطالبہ کیا ہے کہ اریبہ کی قبر کشائی کرائی جائے تاکہ وہ اسے آبائی شہر سیالکوٹ میں دفن کر سکیں۔ زوہیب کا کہنا ہے ملزمہ طوبیٰ اور اس کے ساتھی پیشہ ور ملزم ہیں جنہوں نے اریبہ کو ماڈلنگ کا جھانسہ دیکر اپنے جال میں پھنسایا۔

زوہیب نے الزام لگایا اریبہ کے قتل میں چھ افراد ملوث ہیں۔ پولیس نے زوہیب کی درخواست کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے اریبہ قتل کیس کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے جس کے مطابق مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں پائے گئے۔

رپورٹ میں نشہ آور ادویات کی زیادتی سے اریبہ کی موت کے خدشے کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے اریبہ کے پوسٹمارٹم کے بعد اس کے جسمانی اعضا فرانزک لیب کو بھجوائے جا چکے ہیں۔

فرانزک لیب رپورٹ کے بعد پتہ چلے گا کہ اریبہ کی موت کی وجہ کیا تھی۔ پولیس کی طرف سے زیر حراست ملزمہ طوبیٰ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جن کی گرفتاری کے بعد مزید حقائق منظر عام پر آنے کا امکان ہے۔