لاہور (جیوڈیسک) کم عمری میں ہی پاکستان کی پہچان بننے والی ارفع کریم کو ہم سے رخصت ہوئے 5 برس بیت گئے۔ ارفع کی خدا داد صلاحیتوں کا اعتراف اپنے ہی نہیں غیر بھی کرتے ہیں۔
فیصل آباد کی نواحی بستی رام دیوالی میں آنکھ کھولنے والی ارفع کریم کی خدا داد صلاحیتوں نے اسے بچپن میں ہی قوم کی آنکھ کا تارا بنا دیا۔
ارفع کریم رندھاوا نے نہ صرف وطن عزیز بلکہ دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی انجینئر کے طور پر بڑا نام پیدا کیا۔ صرف نو سال کی عمر میں سال 2004 میں ارفع کریم کو دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ مائیکرو سافٹ کے چیئرمین بل گیٹس نے 2005 میں انھیں مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ ایپلی کیشن کی سند عطا کی۔
پرائیڈ آف پرفارمنس، مادر ملت جناح طلائی تمغہ اور سلام پاکستان یوتھ ایوارڈ اپنے نام کرنے والی ارفع ابھی اپنے خواب ترتیب دے رہی تھی اور خوبصورت لب و لہجے میں اُن کی تعبیر کے منصوبے بنا رہی تھی کہ 14 جنوری 2012 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ ارفع صرف آئی ٹی پروفیشنل نہ تھی وہ ایک باذوق شاعرہ، عمدہ پائلٹ اور اعلی ٹیچر بھی تھی۔