دہشت گردوں نے ایک بار پھر کھلبلی مچادی عوام، خفیہ ایجنسیاں اور حکومت سب ہی ہل کررہ گئے ASFکی وردیاں پہنے 10 دہشت گردوں نے کراچی ائرپورٹ پر حملہ کردیا وہ بزدلوںکی طرح عقبی راستے سے آئے اندھا دھند گولیاں برسا کر دو درجن کے قریب اہلکاروںکو شہید کردیا وہ تمام جہاز تباہ کرنے کیلئے آئل ٹرمینل تک جانا چاہتے تھے لیکن ہماری مسلح افواج اور رینجر جوانوں نے ان کے دانت کھٹے کردئیے بلاشبہ قوم کو اپنی سیکورٹی فورسز پر فخر ہے۔
جنہوں نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے پاکستان کی حفاظت کی ہے دہشت گردوں کے مذموم عزائم نا کام بنانے والے غازیوں اور شہیدوں کو پوری قوم خراج ِ تحسین پیش کرتی ہے کراچی واقعہ کی ذمہ داری تحریک ِ طالبان نے قبول کرتے ہوئے اسے شروعات قرار دیا ہے یہ بات طے ہے کہ پاکستانی عوام دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے ڈرنے والی نہیں۔ جامع اطلاعات کے مطابق کراچی ائرپورٹ پر حملہ آوروں سے بھارتی ساخت کا جدید اسلحہ ملا ہے۔
اس لئے یہ منطقی بات ہے کہ اس حملے میں بھارت کسی نہ کسی اندازمیں ملوث ہو سکتاہے ” را” کے ایجنٹ بھی حملہ آوروں کی تکنیکی معاونت کرسکتے ہیں لگتا ہے بھارتی جاسوس براہ ِ راست طالبان کی صفوں میں شامل بھی ہو گئے ہیں جو سیدھے سادے مسلمانوںکو گمراہ کرکے اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال بھی کر رہے ہیں کراچی ائرپورٹ پر حملہ دہشت گردوں کی منظم کارروائی تھی جو انہوں نے انتہائی منصوبہ بندی سے تیار کی اور جس انداز میں جناح ٹرمینل پر اٹیک کیا گیا یہ تربیت یافتہ طالبان اور ان کے ساتھیوں کا شاخسانہ ہے۔
خدشہ ہے ان میں بھارتی اور اسرائیلی کمانڈوز بھی شامل ہو سکتے ہیں حکومت مارے جانے والے تمام دہشت گردوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کروائے۔ ماضی میں جب بھی بھارت میں دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ پیش آیا انہوںنے فوری طورپر پاکستان کو اس کا ذمہ دار قراردیدیا اور اس کی آڑ میں بھارتی میڈیا نے زہریلا پروپیگنڈا شروع کردیا اور اس تواترسے جھوٹ پر جھوٹ بولا کہ جھوٹ بھی شرمندہ ہوگیا لیکن بھارتی سرکار اور ان کے نیتائوں کو شرم نہ آئی کمال ہے۔
Government Of Pakistan
دو درجن کے قریب اہلکاروں کی شہادت، طیاروں کی تباہی اور کھربوں کے نقصان کے باوجود ہماری پاکستانی حکومت ابھی تک خاموش ہے ۔ کیا حملہ آوروں سے بھارتی ساخت کا جدید اسلحہ ملنا خطرے کی گھنٹی نہیں؟ ۔ کیا بھارت سے دوستی کی خواہش میں ہم گونگے ہو جائیں ، پاکستان پر حملہ ہوا ہے اس کیلئے احتجاج بھی نہ کریں پاکستانی حکومت کو اس واقعہ کا بھارتی سرکار سے شدید احتجاج کرنا چاہیے اس واقعہ کو معمولی نہ سمجھا جائے۔ بھری بزم میں راز کی بات کہہ دی بڑا بے ادب ہوں سزا چاہتاہوں