اسلحہ ڈیلر دو ٹکوں کیلیے انسانی جانیں داؤ پر لگا رہے ہیں، پوپ

Pope

Pope

روم (جیوڈیسک) پوپ فرانسس نے یورپ میں مہاجرین کے حوالے سے بے حسی اور لاتعلقی کے مظہر ضمیر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے زور دیا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری جنگوں کا خاتمہ کرنے کی کوششیں کی جانی چاہئیں، اسلحے کے تاجر دو ٹکوں کی خاطر لوگوں کی زندگیاں داؤ پرلگا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم نے گڈ فرائیڈے کے روایتی جلوس میں روم میں ہزاروں مسیحی عقیدت مندوں سے خطاب میں دہرایا کہ عالمی برادری کو مہاجرین کی ہر ممکن مدد کرنی چاہیے، یورپ مہاجرین کیلیے دروازے کھول دے۔

انھوں نے برسلز میں دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خدا کے نام پر تشدد کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا، معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے مرتکب افراد کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی گھناؤنی حرکت نہ کر سکے۔