راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس جاری ہے جس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی صورتحال ، طالبان سے مذاکراتی عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض عناصر کی جانب سے فوج پر تنقید کے حوالے سے بھی غور ہو گا۔
آرمی چیف پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو اپنے بیان کے حوالے سے اعتماد میں لے سکتے ہیں۔ طالبان کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل ، اس میں پیش رفت اور قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں افغانستان میں صدارتی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں فوج کے آپریشنل اور دیگر ادارہ جاتی معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔