کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ آرمی چیف کا بلاتفریق اور ہرسطح پر احتساب سے متعلق بیان خوش آئند ہے۔یہ کہاں کا انصاف ہے کہ عام آدمی جو اس ملک کااصل وارث ہے اسے تو قانون کے شکنجے میں کسا جاتا ہے لیکن قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے، ٹیکس چوری کرنے اور عوام کے وسائل کو ذاتی تصرف میں رکھنے والے بڑے بڑے عہدوں سے نوازے اور مسند اقتدار پر قابض رہتے ہیں اور کوئی انکا بال بھی بیکا نہیں کر سکتا۔
احتساب بلاتفریق اور اتنا سخت ہونا چاہئے کہ لوگ کرپشن کے نام سے بھی ڈرنا شروع ہوجائیں۔آرمی چیف کے بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ ملک میں اسوقت کرپشن انتہائی حدو کو چھور ہی ہے۔
حکومتی ادارے ہوں یا وزارتیں ہر جگہ لوٹ مار جاری ہے جسکی وجہ سے ترقی و خوشحالی کا عمل رک چکا ہے ان حالات میں آرمی چیف کا بیان خارج از امکان نہیں تھا۔
آرمی چیف کے بیان کو توڑ مروڑ کر اپنے مطلب کی تشریح کرنے سے بہتر ہے کہ کرپشن جیسے ناسور کے خاتمے کیلئے فوج کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔