راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغان سفیر ڈاکٹر عمر زخیوال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کی بہتری اور بارڈر مینجمنٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل راحیل شریف اور افغان سفیر کی ملاقات میں طور خم بارڈر سے معمول کی ٹریفک کھولنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حکم پر پاک افغان سرحد طورخم کو کھول دیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے افغان سفیر کے ساتھ ملاقات کے بعد طورخم سرحد کھولنے کا حکم جاری کیا۔ طورخم سرحد باڑھ کے تنازعہ پر گزشتہ چار روز سے بند تھی۔
سرحد کھولنے کے ساتھ کل طورخم میں باڑھ پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔ بارڈر کھلنے سے پاکسانی اور افغان شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سرحد کھلنے کے فوری بعد دونوں جانب سے آمد و رفت بھی شروع ہو گئی ہے۔