اسلام آباد (جیوڈیسک) نیا آرمی چیف کسے بنایا جائے؟ وزیراعظم آج خاص وزرا سے سر جوڑ کر بیٹھیں گے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں ایل او سی پر بھارتی دہشت گردی اور افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف خاص وزیروں مشیروں سے نئے آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر مشاورت کریں گے ۔ ملکی سلامتی اور سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔
کنٹرول لائن ، ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی دہشتگردی اور بھارت میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کےمعاملے پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔
وفاقی کابینہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پالیسی کی منظوری دے گی ، جس میں ان کو تین درجوں میں تقسیم کر کے ویزوں کی ترجیحات طے کی گئی ہیں ۔ پہلی کیٹیگری میں افغان طالب علم ، دوسری میں پاکستانی سے شادی کرنے والے افغان شہری اور تیسرے درجے میں عام مہاجرین ہوں گے۔