بیجنگ (جیوڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف چین کے دورے پر ہیں۔ آرمی چیف نے چین کی وزیر خارجہ مس مینگ سے ملاقات کی۔ چینی وزیر خارجہ کا کہنا ہے پاکستان چین کا آزمودہ دوست ہے۔ دونوں ممالک کی دوستی شخصیات سے ماورا ہے۔ پاکستان کے تحفظات چین کے تحفظات ہیں۔ جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں چیئرمین پیپلز کانفرنس یوڈینگ شینگ نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان اور ہر شعبے میں مکمل تعاون اور مدد فراہم کریں گے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چین کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا دنیا کے تبدیل ہوتے ہوئے حالات کو سمجھنا چاہیے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوارڈی نیشن اور بین الاقوامی توجہ کی ضرورت ہے۔ دورے کے پہلے دن چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے بیجنگ میں پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ ان کے چینی ہم منصب جنرل چی جیانگاؤ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آرمی چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ دونوں سپہ سالاروں کی ملاقات میں پاک چین طویل المدتی دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ۔ دونوں ممالک کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف نے چین کے وائس چئیرمین سنٹرل ملٹری کمیشن جنرل فان سے بھی ملاقات کی جس میں خطے کی سیکورٹی سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان سے دہشتگردی کے ناسور کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا عزم بھی دہرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کا تعاون حاصل ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔ جنرل فان نے دہشتگردی کے خلاف قومی اتفاق رائے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاتفریق آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ثابت ہو رہا ہے۔