واشنگٹن: (جیوڈیسک) خطے کی صورتحال اور حالات کے تناظر میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکا کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
پانچ روزہ دورے کے دوران جنرل راحیل شریف اعلیٰ امریکی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں افغان حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات اور بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کی پاکستان میں دہشتگردی سمیت اہم امور زیر غور آنے کا امکان ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ بدلتے علاقائی حالات میں آرمی چیف کا دورہ امریکا انتہائی اہم ہے۔ دورے میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور امن پر بات چیت ہوگی۔
آرمی چیف دورہ امریکا کے بعد برازیل اور آئیوری کوسٹ کا دورہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے ہمیشہ سپورٹ فراہم کی۔پہلے ہی بتا دیا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے بچنے کیلئے دہشتگرد افغانستان فرار ہوں گے۔ افغان حکومت کو بھی دہشتگردوں کو روکنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں۔