اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینیئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سینیئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ کشمیر کی تحریک آزادی کے سرکردہ رہنما سید علی گیلانی کی قربانیاں اور جدوجہد کشمیریوں کے بھارتی قبضے کے خلاف ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے’۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کا خواب اور ان کا مشن تب تک زندہ رہے گا جب تک کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سید علی گیلانی کے انتقال پر ایک روزہ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 92 سالہ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کا انتقال بدھ کی رات کو سری نگر میں ہوا، سید علی گیلانی طویل عرصے سے بیمار تھے۔