تحریر : امتیاز علی شاکر:لاہور چیف صاحب قوم کل بھی افواج پاکستان کے ساتھ تھی آج بھی کھڑی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی،دین اسلام ،پاکستان اورافواج پاکستان کیخلاف سازشیں کرنے والوں کے حصے میں سوائے ذلت کے کچھ نہیں آئے گا۔قوم سمجھتی ہے مضبوط افواج پاکستان ملکی سلامتی و بقاء کی ضامن ہیں لہٰذاقوم افواج پاکستان کوکمزور کرنے والی کسی سازش کا حصہ بنی ہے نہ بنے گی۔چیف صاحب بڑے ادب کے ساتھ گزارش ہے کہ ملک توڑنے کی کوشش کرنے والے ملک کے اندرہوں یاباہر،کرپٹ عناصر سیاست میں ہوں ،عدلیہ میں ہوں یاپھرافواج میں ہی کیوں نہ ہوںفوری طورپران کامحاسبہ کیاجائے۔اداروں کو تباہ کرکے ملک کوکمزورکردینے والی کرپشن اس وقت ملک کی سب سے بڑی دشمن اور دہشتگردی کی ماںہے۔دہشتگردی کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ مالی بدعنوانی ہے۔
دنیاکی کوئی ریاست کرپشن کاخاتمہ کئے بغیرترقی یا دہشتگردی کاخاتمہ نہیں کرسکتی۔کرپٹ افرادکوپھانسی کے پھندے پرلٹکائے بغیرکرپشن کاخاتمہ ممکن نہیں ۔قوم ملک میں جہوریت کے تسلسل کی حامی ضرورہے پرکرپٹ عناصر کوجمہوریت سے نکال کر۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاحالیہ بیان قوم کیلئے حوصلہ افزاہے اور قوم امید رکھتی ہے کہ جلد دہشتگردوں کے ساتھ کرپٹ عناصرکوکیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید لیفٹیننٹ ارسلان عالم کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء جیسا جذبہ ہو تو ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کر کے رہیں گے، فوج تمام چینلنجزسے نمٹنے کیلئے قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ شہید ارسلان جیسا جذبہ ہو تو ملک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا’ پاک فوج کو اپنے شہداء پر فخر ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ارسلان کے والد کا جذبہ پاکستان کی بقاء کا ضامن ہے جس پر والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ جو کافی عرصہ سے سمندر پار ملک سے باہر بیٹھ کر فوج کو برا بھلا کہتے ہیں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ جب تک ہمارے پاس بہادر جوان ہیں ملک کو آنچ نہیں آئے گی۔ پاک فوج وطن عزیز کو دہشت گردی سے پاک کر کے رہے گی۔ آر می چیف نے کہاکہ دشمنوں کوخوف ہے کہ پاک فوج ان کے مذموم عزائم میں رکاوٹ ہے، پاک فوج تمام چینلنجزسے نمٹنے کیلئے قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی ہم ہر قیمت پر امن اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھیں گے جب تک قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے کوئی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ سمندر پار بیٹھ کر پاکستان توڑنے کی بات کرنے والے اور فوج کو گالیاں دینے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ یہ لوگ عنقریب قانون کی گرفت میں ہوں گے’ عوام کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہم ہر اندرونی و بیرونی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ لیفٹیننٹ ارسلان عالم اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے اور 3 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہم نے تہیہ کیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے اس کیلئے انشاء اللہ ہم کامیاب ہو نگےچیف صاحب اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستانی قوم کواپنے بہادرافواج پرفخرہے اور ہم اپنے شہداء اور غازیوں کوسلام پیش کرتے ہیں ۔پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنے بہادرافواج کا ساتھ دیاہے اور انشاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی دیتی رہے گی۔چیف صاحب ہم ملک دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر کیفرکردار تک پہنچتے دیکھناچاہتے ہیں۔
اب قوم عملی اقدامات کی منتظر ہے ۔افواج پاکستان قوم کافخرہیں اور ہمیں اپنے بہادرافواج پرپورایقین ہے کہ جلد دہشتگردی اور کرپشن کاگٹھ جوڑ توڑ کر ملک و قوم کو خوشحالی کے راستے پرگامزن کیاجائے گا ۔قانون ہرخاص وعام کیلئے برابرہوناچاہے اورایساہونانفاذ اسلام کے بغیر ممکن نہیں ۔دین اسلام کے سپاہیوں کی قدراوران کی حوصلہ افزائی کرنادورحاضر کی اہم ترین ضرورت ہے ،پاکستان اسلام کیلئے قائم ہوالہٰذاپاکستان کاروشن مستقبل اور بقاء اسلام ہی میں ہے۔اسلام دشمن طاقتیں پاکستان کو پھلتاپھولتانہیں دیکھ سکتی۔مضبوط پاکستان اسلام دشمن طاقتوں کوہضم ہی نہیں ہوتا۔سازشوں کے ذریعے قوم کوتقسیم کرکے دشمن ہمیں کمزورسے کمزورترکررہاہے لہٰذااندورنی وبیرونی دشمنوں کے ساتھ مقابلہ کرنے کیلئے اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔افواج پاکستان قوم کومزید منقسم ہونے سے بچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے تو قوم اپنے بہادرافواج کی مزید مشکور رہے گی۔