راولپنڈی (جیوڈیسک) جرمن نائب وزیر خارجہ مارکس ایڈرے نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور افغانستان کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جرمنی کے نائب وزیر خارجہ مارکس ایڈرے نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔جس میں ٹاسک فورس برائے افغانستان پاکستان کے سربراہ تھومس زینسین اور جرمن سفیر ڈاکر سائرل نن بھی شریک تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغانستان کی تازہ صورتحال اور شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف جاری اپریشن ضرب عضب پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے پہلے جرمن نائب وزیر خارجہ نے دفتر خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔