راولپنڈی (جیوڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 12 دہشت گردوں کی سزا کی توثیق کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانے والے 12 دہشت گردوں کی سزا کی توثیق کردی جن کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جب کہ سزائے موت پانے والے دہشت گرد بنوں جیل توڑنے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے جنہیں فوجی عدالتوں نے جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم سنایا۔
سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی ان میں محمد عربی ولد حافظ محمد صادق، رفیع اللہ ولد محمد مسکین، قاری آصف محمود ولد محمد انور، شاہ ولی اللہ ولد گل خان، محمد ذیشان ولد عبدالقیوم خان، ناصرخان ولد خان افسرخان، شوکت علی ولد عبدالجبار،امداداللہ ولد عبدالواجد، محمد عمر ولد سیدا جان، صابرشاہ ولد سید احمد شاہ، خاندان ولد دوست محمد خان اور انور علی ولد فضل غنی شامل ہیں۔