راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی کمانڈر سینٹرل کمانڈ جنرل جوزف نے ملاقات کی جس میں افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر سینٹرل کمانڈ جنرل جوزف نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ اس موقع پر جنرل جوزف نے جی ایچ کیو میں یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور امریکی کمانڈر کی ملاقات میں افغانستان میں سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ جنرل جوزف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔