اسلام آباد / راولپنڈی (جیوڈیسک) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سری لنکا کے4 روزہ سرکاری دورے پر جمعے کو کولمبو پہنچ گئے۔
بندرا نائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سری لنکا کی فوج کے کمانڈر نے جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا، اس موقع پر سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) شکیل حسین بھی موجود تھے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سری لنکن فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اے ڈبلیو جے سی ڈسلوا کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کر رہے ہیں۔
وہ اپنے دورے کے دوران سری لنکن ہم منصب کے علاوہ صدر متھری پالا سری سینا، وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے اور اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، یاد رہے کہ آرمی چیف نے سانحہ صفورا کے باعث سری لنکا کا دورہ موخرکر دیا تھا۔