راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے اپنے مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں ذرائع رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے اور روایات شخصیات سے زیادہ اہم ہیں۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج جمہوریت کی مکمل حمایت اور مضبوطی چاہتی ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے اس عظیم قوم کی خدمت کی ہے اور دنیا کی بہترین فوج کی چھ سال تک کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ جنرل کیانی نے کہا کہ وہ اعتماد کرنے پر سیاسی قیادت اور قوم کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری مدت ملازمت پوری ہونے پر ملک میں آئین اور عوام کی رائے نے جڑیں پکڑی ہیں۔