کراچی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو فون کر کے سانحہ صفورا کے ملزمان کی گرفتاری پر مبارک باد دی۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو ٹیلی فون کرکے سانحہ صفورا کے ملزمان کی گرفتاری پر مبارک باد دی اور سندھ پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ صفورا پر آرمی چیف سمیت سندھ پولیس کی کارکردگی کو سب نے سراہا جو ایک اعزاز سے کم نہیں کیونکہ یہ سانحہ پولیس کے لئے ایک چیلنج تھا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ میں 15 ملزمان ملوث تھے جب کہ ہم نے 3 دن میں 4 دہشت گردوں کو گرفتارکیا تاہم واقعے کی اصل سمت کا جے آئی ٹی کی مشترکہ تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان سبین محمود اور بوہری کمیونٹی سمیت اہم واقعات میں ملوث ہیں۔
واضح رہے پولیس نے انٹیلی جنس اداروں کی مدد سے سانحہ صفورا کے اہم ملزمان کو گرفتار کیا جن میں واقعے کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔