راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے اٹلی کے چیف آف اسٹاف جنرل کلاڈیوگریزنو نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دفاع، سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور خطے میں استحکام کیلئے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کو مختلف قسم کے سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
اطالوی چیف آف اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں استحکام اور قیام امن کیلئے پاکستانی فوج اور عوام کا کردار قابل تعریف ہے۔
اٹلی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان کے جی ایچ کیو پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اطالوی چیف نے یادگار شہداء پر پھول بھی چڑھائے۔