راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کی کراچی کور کو لوگوں کی مدد کرنے کا حکم دے دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ لوگوں کی مدد کے لیے کراچی کور فلڈ ریلیف آپریشن تیز کیا جائے جب کہ مشکل کی گھڑی میں فوجی دستے ہر صورت متاثرہ عوام تک پہنچیں اور کراچی کے متاثرہ عوام کا مکمل خیال رکھا جائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک آرمی اور رینجرز کی 70 ٹیمیں کراچی میں سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں اور آرمی کی ٹیمیں قائد آباد کے متاثرین کو محفوظ مقامات پرمنتقل کر رہی ہیں۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کاگرڈ بچانے کےلیے آرمی کی ٹیمیں مہران نالہ پر سرگرم عمل ہیں، ایم نائن کو بچانے اور پانی کا بہاؤ کنٹرول کرنے کے لیے آرمی انجینئرز نے 200 میٹر طویل اور 4 فٹ اونچا بند باندھ دیا ہے جب کہ بارش کے پانی سے متاثرہ لوگوں کوکھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں۔
آرمی چیف نے حکم دیا تھا کہ فوج کی کراچی کو فلڈ ریلیف آپریشن تیز کرے اور متاثرہ عوام کا مکمل خیال رکھا جائے۔
نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے نے کراچی کے نالے اور ان کے چوک پوائنٹ کلیئر کر دیے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے اعلامیے کے مطابق گجر نالے سمیت بڑے نالوں میں ایف ڈبلیو او کی 9 ٹیمیں کام کر رہی ہیں، سابق فوجیوں کی 30 سے 35 ٹیمیں بھی کام کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ مون سون کے اب تک کے سب سے طاقتور اسپیل میں کراچی سمیت سندھ بھر میں جم کر بارش ہورہی ہے۔
طویل بارش نے کراچی کو پھر دریا بنادیا، مضافاتی علاقے تو پہلے ہی زیر آب تھے، تازہ سیلابی ریلے شہر کے دیگر علاقوں کے گھروں اور اسپتالوں میں داخل ہو گئے۔