کراچی (اسٹاف رپورٹر) افواج پاکستان کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین و سابق صدر پاکستان پرویز مشرف نے کہاکہ آرمی چیف کی والدہ پاکستان سے محبت کرنے والی ایک عظیم المرتبت و بلند حوصلہ خاتون تھیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستانی قو م کے اتحاد ‘ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح کی دعا کی اور وطن عزیز کی حفاظت کیلئے بہترین تعلیم و تربیت اور اخلا ق و کردار کا حامل اپنا سپوت افواج میں شامل کیا جس نے اپنی صلاحیتوں ‘ فرض شناسی ‘ دیانتداری ‘ تجربہ اور قابلیت کی بنیاد پر افواج پاکستان کی سربراہی کا اعزاز حاصل کیااور فرض شناسی و دیانتداری سے اس فریضے کو انجام دے رہا ہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات سندھ طاہر حسین سید کی جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں اے پی ایم ایل کے قائد پرویز مشرف ‘ جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امجد‘ راشد قریشی ‘ صوبائی صدر شہاب الدین شاہ حسینی ‘ جنرل سیکریٹری شاہد قریشی اور دیگر عہدیدارا ن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف و دیگر سوگواران کیلئے دعائے صبر اور مرحومہ کے ایصال ثواب و مغفرت کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف آج اس عظیم ہستی سی محروم ہوگئے ہیں جن کیلئے ہاتھ ہمیشہ رب کی بارگاہ میں راحیل شریف کی حفظ و امان ‘ کامیابی و کامرانی اور ترقی و خوشحالی کیلئے اٹھا کرتے تھے جبکہ قوم اس عظیم خاتون سے محروم ہوئی ہے جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کی یکجہتی اور وطن عزیز کی سلامتی و بقا کی دعا کی۔