لاہور (جیوڈیسک) لاہور دھماکے کے بعد پنجاب میں امن دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حکم پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بنیاد پر بڑے پیمانے پر آپریشن میں دو سوسے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں حساس اداروں نے 5 آپریشنز کئے۔ اس دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔ فیصل آباد میں حساس اداروں کی کارروائی کے دوران 80 سے زائد افرادحراست میں لئے گئے۔
گوجرانوالہ سے 78 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی ماڈل ٹاؤن، کوتوالی، باغبانپورہ، نندی پورکے علاقوں میں کی گئی۔ سیالکوٹ سے بیس، کامونکی میں سات افراد پکڑے گئے۔ بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ سے بھی کالعدم تنظیم کے کارندے کو حراست میں لے لیا گیا اس کے علاوہ جہلم، خانیوال، بھکر، ننکانہ، ملتان، شیخوپورہ اور مظفرگڑھ سے بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی اکثریت کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔