کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کراچی آمد پر انہیں خوش آمدید کہتے اورکراچی آپریشن کو بلا امتیاز جاری رکھتے ہوئے کراچی سے تمام مافیاز کے عزم کے اعادہ پر آرمی چیف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور قومی معیشت کی بہتری کیلئے کراچی میں مکمل امن و تحفظ لازم ہے۔
اسلئے کراچی آپریشن کو مکمل طور پر بلا امتیاز ہونا چاہئے اور مجرموں کا مکمل قلع قمع ہونا چاہئے خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت یا ادارے سے کیوں نہ ہو جبکہ ٹارگیٹ کلرزاور بھتہ خوروں نے جہاں عوام کی زندگی عذاب بنائی ہوئی ہے وہیں لینڈ مافیا ‘ جعلی رہائشی اسکیمیں اوردھوکہ باز بلڈرز سے عوام کیلئے سوہان روح بنے ہوئے ہیں‘ ٹینکر مافیا نے کراچی کو کربلا بنادیا ہے‘پارکنگ مافیا نے کراچی کے عوام کو ٹریفک جام سے دوچار کیا ہوا ہے‘ سرکاری اسپتالوں میں اقربا پروری ‘فنڈز کی خرد برد اور دوا ¶ں کی چوری عام ہے ‘ تعلیم کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔
رشوت و کرپشن کے علاوہ گھوسٹ ملازمین کی بھرمار سے اداروں کی کارکردگی برباد ہوچکی ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے علاوہ پولیس گردی نے بھی عوام کو عذاب میں مبتلا کررکھا ہے جبکہ قانون کی پاسداری و عملداری کے نظام کی کمزوری نے عوام کو مہنگائی ‘ گرانفروشی اور مظالم سے دوچار کیا ہوا ہے اسلئے آرمی چیف کراچی آپریشن میں ان زندہ مسائل کو بھی ملحوظ رکھتے ہوئے عوام کو ان تمام مافیاز سے نجات دلانے کیلئے بھی اقدامات کریں۔