آرمی چیف کا تمام خطرات کو شکست دینے کا عزم خوش آئند ہے: طاہر حسین
Posted on March 1, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی : پاکستان بدترین خطرات سے دوچار ہے ‘ کرپشن کا ناسور ملکی جڑیں کھوکھلی کررہا ہے ‘ سیاسی مفادات کی خاطر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے ‘ دہشتگردی کا عفریت قابو سے باہر ہوچکا ہے ‘ آئین و انصاف کے نام پر انتقام کی روایت قومی مستقبل کو خطرات سے دوچار کررہی ہے ‘ محب وطنوں کوغدار قرا ردینے کی سازش ہورہی ہے ‘ملکی سلامتی پر قربان ہونے والے فوجیوں کی شہادت سے انکاراور علی الاعلان امن دشمنوں و دہشتگردوں کو شہید کہا جارہا ہے جس کی وجہ سے دہشتگردوں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں ‘بد امنی عروج پارہی ہے اور پاکستان ایکبار پھر اسی معاشی پستی و زبوں حالی سے دوچار ہوچکا ہے جس سے ایک عشرہ قبل پرویز مشرف نے اسے نکال کر ترقی و استحکام کی شاہراہ پر گامزن کیا تھا۔
ان حالات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا قوم کی حمایت سے پاکستان کو لاحق ہر خطرے کو شکست دینے کا عزم خوش آئند ہے ۔ یہ بات وصی الدین ‘ ہمایوں مرزا ‘ رافع حنفی اور نواب پر مشتمل آل پاکستان مسلم لیگ کے پانچ رکنی وفد نے سندھ کے انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید کی سربراہی میں مجلس وحدت المسلمین کے رہنما مولانا حسن ظفر نقوی سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندگان سے مشترکہ طور پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر وفد کے سربراہ طاہر حسین سید نے دہشتگردی کیخلاف اتحاد و یکجہتی کی ضرورت و اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے دہشتگردی کیخلاف یکجا ہوکر فوج کا مورال بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام پاکستان افواج پاکستان کے ساتھ ہیں کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ مسلح افواج ہی پر امن و محفوظ مستقبل کی ضامن ہیں اسلئے عوام اور فوج کی مخالف سمت اختیار کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتیں نہ تو جمہوریت پسند ہوسکتی ہیں ‘ نہ عوام دوست اور نہ ہی انہیں محب وطن کہا جاسکتا ہے!
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com