جنوبی وزیرستان (جیوڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور ملکی دفاع کیلئے مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ آرمی چیف نے جنوبی و شمالی وزیرستان کے درمیان تجارتی شاہراہ کی کم وقت میں بہترین تعمیر پر ایف ڈبلیو او کے کام کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی آج قبائلی علاقوں کا الوداعی دورہ کر رہے ہیں، دورے کے آغاز پر چیف آف آرمی سٹاف نے شمالی و جنوبی وزیرستان کے درمیان مرکزی تجارتی شاہراہ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔
سینٹرل ٹریڈ کوری ڈور714 کلو میٹر طویل ہے۔اب تک آرمی اور ایف ڈبلیو او پانچ سو کلو میٹر طویل سڑکیں تعمیر کر چکے ہیں۔آرمی چیف نے کم عرصے میں بہترین شاہراہیں تعمیر کرنے پر ایف ڈبلیو او کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شاہراہوں کی تعمیر کا باقی کام بھی بروقت اور اسی معیار کے مطابق کیا جائے۔