راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ترک صدر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی۔
آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔
ترک صدر نے پاک فوج کی دہشت گردی کیخلاف جنگ اور قربانیوں کو سراہا اور خطے میں استحکام کے لئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔
طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا کے امن و استحکام میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اور پاکستان اور ترکی دونوں برادر ملکوں کے کثیر الجہتی تعاون کے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکی اخلاص کے ساتھ ایک دوسرے پر غیرمشروط اعتماد کر سکتے ہیں۔