آرمی چیف کا دورہ افغانستان، سانحہ پشاور کی اہم معلومات کا تبادلہ

Raheel Sharif

Raheel Sharif

کابل (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف افغانستان کے اہم دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے افغان صدر اشرف غنی، افغانستان کے آرمی چیف اور ایساف کمانڈر سے اہم ملاقات کی جس میں آرمی چیف نے پاک افغانستان بارڈر اور پشاور حملے کے حوالے سے اہم معلومات کا تبادلہ کیا۔ پشاور حملے میں ملوث دہشتگرد افغانستان میں موجود ماسٹر مائنڈ کیساتھ رابطے میں تھا۔

افغان فوجی حکام اور ایساف کمانڈر نے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے آرمی چیف کو یقین دہانی کروائی کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔

دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فوری کارروائی کرینگے۔ واضع رہے کہ ذرائع کے مطابق سانحہ پشاور میں ملوث دہشتگردوں کو شناخت کر لیا گیا ہے۔ آرمی چیف نے واقعے میں ملوث گروپ کی تفصیلات وزیراعظم نواز شریف کو بتائیں جس کے بعد قومی مجرموں کیخلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔