فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے پاک فوج کے کرپٹ افسران کی برطرفی کو ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن افسران کو برخاست کیا گیا ان کیخلاف 2012 میں انکوائری شروع ہوئی اور چارسال میں الزامات ثابت ہونے پر انہیں برطرف کیا گیا اور ان سے لوٹی گئی رقم واپس لے لی گئی۔
اگر اسی طرح پولیس اور بیورو کریسی میں بھی سلسلہ شروع ہوجائے تو یہ با ت وثوق کیساتھ کہی جا سکتی ہے کہ زیادہ نہیں صرف5 برسوں میں پاکستان سونے کا انڈہ دینے والی چڑیابن جائے گا۔۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایک روز قبل آرمی چیف نے احتسا ب کی ضرورت اور کرپشن کے خاتمے کی بات کی اور اگلے ہی روز12 افسران کو برطرف کر دیا جس پر موقع کی تلاش میں رہنے والے فصلی بٹیرے ٹیں ٹیں کر نے لگے تو ان کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ صرف ایک دن میں نہ تو کسی پر الزاما ت ثابت ہوسکتے ہیں اور نہ ہی کسی کو بغیر نوٹس دیئے ملازمت سے فارغ کیا جا سکتا ہے۔
نہ ہی لوٹی گئی رقم اتنی جلدی قومی خزانے میں واپس آتی ہے آرمی چیف کا بیان بھی کرپشن کیخلاف حکومتی عملی کا حصہ تھا اور افسران کو فارغ کر نا ان کے محکمے کا معاملہ ہے اس لئے ان کے بیان اور اقدام پر بغلیں بچانا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔